گیتا کہاں ہے؟ اسکے حقیقی والدین کون ہیں؟ انصاربرنی کا بھارتی حکومت کو خط
کراچی (نوائے وقت نیوز) گیتا پاکستان سے جانے کے بعد کہاں ہے؟ اسکے حقیقی والدین کون ہیں؟ اس سے متعلق انصاربرنی نے بھارتی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو لکھے گئے خط میں گیتا سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ انصار برنی نے خط میں سوال کیا ہے کہ کیا گیتا کے بھارتی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے؟ بغیر تصدیق کے اسے بھارت واپسی کی اجازت کیوں دی گئی اور اگر گیتا کے والدین نہیں ملتے تو اس کا مستقبل کیا ہے؟ خط میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ گیتا کو بھارتی شہریت دی گئی یا نہیں۔ خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ گیتا کیلئے سب سے پہلے آواز اٹھائی اور بھارت یاترا بھی کی، تاہم افسوس ہے کہ یہ خالص انسانی حقوق کا مسئلہ سیاست کی نظر ہوگیا ہے اورگیتا اگر اب بھی دھرم شالہ میں رہ رہی ہے تو بھارت جانے سے فرق کیا پڑا۔ جس سے یہ لگتا ہے گیتا کے والدین کو تلاش کرنے کیلئے بھارتی حکومت کی جانب سے سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔