• news

کسان پیکیج پورے ملک کیلئے ہے، عمران ساتھ چلیں نندی پور پراجیکٹ چلتا دیکھیں: پرویز رشید

اسلام آباد+ لاہور ( وقائع نگار خصوصی+ خبرنگار) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کسان پیکج بلاتفریق پورے پاکستان کے کاشتکاروں کے لئے ہے، عمران خان بتائیں کہ ان کی حکومت نے خیبر پی کے کے کسانوں کے لئے کیا کارنامہ سرانجام دیا ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم پر تنقید کی بجائے عمران خان خیبر پی کے میں کسانوں کی بہتری کے لئے عملی اقدامات کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا ہے نندی پور پاور پراجیکٹ چل رہا ہے، عمران خان کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ میرے ساتھ چلیں اور نندی پور پاور پراجیکٹ کو اپنی آنکھوں سے چلتا دیکھیں۔ عمران خان نندی پور پراجیکٹ کو چلتا دیکھ کر ہمیں نہ سہی عوام کو مبارکباد دیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم کے کسان پیکج نے کاشتکاروں کے لئے نقد امدادی رقوم فراہم کی ہیں۔ کسان پیکج نے رعایتی نرخوں پر کھاد کی فراہمی، شمسی ٹیوب ویل اور زرعی قرضوں کے لئے 341 ارب فراہم کئے۔ مسلم لیگ(ن)کے رہنماء طلال چودھری نے کہا ہے کہ کسان پیکج کے خلاف درخواستیں دینے والے عمران خان کسانوں کی بات نہ کریں‘ میانوالی اور لاہورمیں عمران خان ہارچکے ہیں اور لودھراں میں بھی انکا سیاسی جہاز کریش ہونے والاہے۔ علاوہ ازیں ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے عمران خان کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کسانوں اور غریبوں کا درد کیا جانیں، الزام خان کسانوں کو خوشحال ہوتا نہیں دیکھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی تحریک الزام کو بدترین شکست کا سامنا ہوگا۔ تحریک انصاف پاکستانی سیاست کی دوسری (ق) لیگ ثابت ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن