فیروزوالہ: ٹرینوں کی زد میں آکر 2 بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق
فیروزوالا (نامہ نگار) فیروزوالا کے علاقے پٹھان کالونی (رچنا ٹائون) میں ٹرینوں کی زد میں آکر 2کمسن بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ دونوں بھائی راولپنڈی سے اپنے ماموں کے ہاں آئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی کا رہائشی محمد رمضان خان اپنی بیوی بچوں کے ہمراہ پٹھان کالونی میں اپنے سسرال شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آیا ہوا تھا اور دونوں بیٹے 13 سالہ محمد رحمن خان اور 11 سالہ محمد نعمان خان اپنے ماموں کو قریبی فیکٹری میں ملنے کے بعد واپس گھر آرہے تھے کہ ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے لاہور سے راولپنڈی جانے والی ٹرین کی زد میں آگئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقے میں کہرام مچ گیا، لوگ دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ فیروزوالہ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرلی۔ اسی جگہ پر ایک اور ٹرین کی زد میں آکر 50 سالہ شخص کبیر احمد خان ہلاک ہو گیا۔ متوفی آزاد کشمیر کا رہنے والا تھا اور اپنی بہن کو ملنے کیلئے پٹھان کالونی آیا تھا۔ لاہورسے خبر نگار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فیروزوالا کے علاقے پٹھان کالونی میں ٹرین کی ٹکر سے 2 بچوں سمیت 3 افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔