کسان کررہا ہے حکومت نے میٹرو پر پیسہ لگایا نوازشریف قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتے:عمران
میانوالی، پپلاں، موسیٰ خیل‘کندیاں (نامہ نگاران) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میانوالی کے مختلف علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا کسان مر رہا ہے اور حکمران میٹرو پر پیسہ لگا رہے ہیں۔ نواز شریف اب قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ تحصیل پپلاں کے علاقہ دوآبہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران نے کہا کہ ملک میں ظلم اور ناانصافی کا نظام ہے جس کی وجہ امیر، امیر سے امیر تر اور غریب سے غریب تر ہوگیا ہے۔ طاقت ور ٹیکس نہیں دیتا اس کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ اب عوام نئے پاکستان کی تلاش میں ہیں۔ ہمارا مقصد ظلم اور ناانصافی کے نظام کے خلاف جہاد کرنا ہے۔ ہماری جماعت غربت کیخلاف جہاد کررہی ہے۔ نواز شریف کی حکومت نے پاکستان کے کسانوں کے مسائل بڑھا دیئے ہیں۔ کسانوں کا برا حال ہے بلکہ انہیں معاشی طور پر بدحال کردیا گیا ہے۔ ایسا حال ان کا کبھی تاریخ میں نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پر لگایا گیا ڈیڑھ سو ارب کسانوں پر لگتا تو انقلاب آجاتا۔ بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں تحریک انصاف کے 12 ورکرز کو شہید کیا گیا، یہ کون سا الیکشن ہے۔ لوگوں کو آزاد کرائوں گا۔ انہوں نے کہا 19 نومبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں کسی کے خوف میں نہیں آنا، ایمپائر کو ملائے بغیر یہ کھیل نہیں کھیلتے، آپ لوگوں نے اپنے کپتان کی طرح کھیلنا ہے اور آخری گیند تک کھیلنا ہے۔ آپ نے جس پرجوش اور بھرپور جذبوں سے میرا استقبال کیا ہے، اس پر میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ نواز شریف اور شہباز شریف حکومتیں سرکاری وسائل اپنی ذاتی تشہیر اور بلدیاتی تشہیر پر خرچ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور پراجیکٹ کی طرح میٹرو پراجیکٹس بھی احتساب کا تقاضا کرتے ہیں۔ نندی پور پراجیکٹ نہیں چلا مگر دونوں بھائیوں کے اشتہارات چل گئے، ملک میں مہنگائی بڑھتی جارہی ہے، کسان کو اس کی محنت کا معاوضہ بھی پورا نہیں ملتا، پاکستان میں کسان مر رہا ہے، غربت بڑھ رہی ہے حکومت میٹرو پر پیسہ خرچ کررہی ہے۔ موسیٰ خیل میں انتخابی ریلی میں عمران خان نے کہا کہ آپ کا پیسہ آپ پر خرچ ہوگا۔ آپ پی ٹی آئی کو الیکشن میں کامیاب کرائیں۔ ریلی میں نامور گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی بھی شریک تھے جو اپنے نغموں میں عمران خان کے گن گاتے رہے۔ حکومت عوام کو اشتہارات کے ذریعے بے وقوف بنا رہی ہے۔ نندی پور پاور منصوبہ ابھی چلا نہیں دونوں بھائیوں کے اربوں روپے کے اشتہار چل گئے۔ میاں صاحب کم سے کم اشتہار تو اپنے پیسوں کا دے دیتے، حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی سرکار نہیں۔ عمران نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں بلے پر مہر لگا کر یہ ثابت کرنا کہ میانوالی والے تحریک انصاف کے ساتھ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ پپلاں سے نامہ نگار کے مطابق عمران خان نے کہا کہ کسان پیکیج میں بھی مسلم لیگ ن نے دھاندلی کرتے ہوئے صرف اپنے افراد کو نوازا ہے، نام نہاد کسان پیکیج ہمارے کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے بعد ہی کیا گیا ملک میں ظلم اور ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ موسیٰ خیل سے نامہ نگار کے مطابق عمران نے کہا کہ بھارت میں کسانوں کو 57 پیسے یونٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، ہماری حکومت کسانوں کا استحصال کررہی ہے۔