وزارت داخلہ نے عدنان سمیع کا پاکستانی پاسپورٹ منسوخ کرنے کا حکم دے دیا تنسیخ شہریت کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہو گا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اپنی پاکستانیت کو ذاتی مفاد کے لئے بھارتی شہریت کی بھینٹ چڑھانے والے گلوکار عدنان سمیع کا پاکستانی پاسپورٹ وزارت داخلہ نے منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد میں وزرات کے ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ چودھری نثار نے عدنان سمیع کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ واضح رہے کہ عدنان سمیع بھارتی فلموں سے روزی روٹی کمانے کے لئے 15 برس سے بھارت کے شہر ممبئی میں مقیم ہیں۔ انہوں نے چند برس قبل بھارتی شہریت کے لئے وہاں کی وزارت داخلہ کو درخواست دی تھی۔ جس پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا تاہم بھارتی حکومت نے شہریت کے لئے عدنان سمیع کو پاکستانی پاسپورٹ اور شہریت منسوخ کرانے کے لئے ہدایت کی عدنان نے پاکستانی ہائی کمشن میں کچھ عرصہ پہلے پاسپورٹ واپس کرا دیا تاہم انہیں پاکستانی شہریت کی تنسیخ کا سرٹیفکیٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ سرٹیفکیٹ ملنے تک عدنان کو بھارتی شہریت نہیں مل سکے گی۔ تسنیخ شہریت کے لئے انہیں پاکستانی ریاست سے معافی مانگنی پڑے گی۔