کسان پیکج سے سیٹھوں کو نوازا گیا، عوام ووٹ کے ذریعے حکومت کو سزا دیں: عمران
میانوالی/ ترگ (نامہ نگاران) عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں دو نظریوں کا مقابلہ ہے ایک وہ جو ذات اور مفاد کی سیاست کرنے والے، ایک ہم جو پاکستان کے مفاد کی سیاست کرنے والے ہیں۔ پاکستانیوں کو ایک قوم بنانا ہمارا مشن اور تحریک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے عیسیٰ خیل، ترگ، کمرمشانی، کوٹ چاندنہ، ماڑی انڈس، پکی موڑ، داورخیل، ٹھٹھی، پائی خیل، موچھ موڑ، دلیوالی اور شہباز خیل موڑ پر استقبالیہ اجتماعات سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پڑھے لکھے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی عوامی پارٹی ہے۔ عوام نے مفادات پسند ٹولے کو شکست دینے کیلئے بلے کو ووٹ دینا ہے، کسانوں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، حکومت کسان دشمن ہے، 30 فیصد ڈی جی پی لگانا، بجلی کا یونٹ 24 روپے ساتھ سرچارجز نے عوام اور کسانوں کو بدحال اور تباہ کر دیا ہے۔ کسان پیکیج سے حکومت نے غریب عوام کو نہیں سیٹھوں کو نوازا، عوام ووٹ کے ذریعے حکومت کو سزا، اچھا کام کرنے والوں کو جزا دیں۔ بلدیاتی انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چرانے کیلئے مسلم لیگ ن کی حکومت تمام حربے استعمال کرے گی۔ ہمارا میچ ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں سے ہے۔ عیسیٰ خیل سے یہاں میں جس سڑک کے راستے آیا ہوں یہ سڑک نواز شہباز شریف کی سات سالہ حکومت میں ٹھیک نہیں ہوئی، کیا ن لیگ کی حکومت میانوالی کو سزا 2013ء کے انتخابات میں عمران خان کو ووٹ دینے کی وجہ سے دے رہے ہیں اس لئے میانوالی کے عوام کو 19 نومبر کے بلدیاتی انتخابات میں حکومت کو سزا دینا ہے۔ ڈیڑھ سو ارب روپے سے میٹرو بس کا بہت سا پیسہ جیبوں میں ڈالا گیا ہے۔ ملک میں مہنگائی بے روزگاری کا دور دورہ ہے۔ ترگ میں خطاب کے دوران عمران نے کہا کہ ملک میں ظلم و انصافی کا دور بہت جلد ختم ہونے والا ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے، حکومت پٹرول ڈیزل پر پچاس فیصد جی ایس ٹی لگا کر سارا پیسہ اسی ذریعے سے کما رہی ہے جس سے غریب پس رہا ہے۔ ایک وفاقی وزیر کا باپ کہتا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے سترہ قتل کرائے۔ ترگ میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے بلدیاتی ٹکٹوں کی تقسیم کیخلاف سیاہ جھنڈیاں اٹھا کر احتجاج کیا۔ عمران نے کارکنوں کو اعتماد میں لیا جس پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔ آن لائن کے مطابق عمران خان نے کہا کہ نوازشریف حکومت کرنے نہیں اپنی دکان چمکانے آتے ہیں، جدہ میں نواز شریف کی سٹیل ملز بڑی شان وشوکت سے چل رہی ہے جبکہ پاکستان کی سٹیل ملز کو بند کر کے ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کر دیا گیا ہے، میٹرو بس پر لگائے گئے ڈیڑھ سو ارب روپے عوام پر لگائے جاتے تو آج ملک سے غربت کا خاتمہ ہو چکا ہوتا، موجودہ حکومت کسان دشمن ہے مخلص ہوتی تو ڈیزل پر جی ایس ٹی 50 فیصد تک نہ بڑھاتی۔ آصف زرداری اور نواز شریف اندر سے ملے ہوئے ہیں ان کا ہر میدان میں مقابلہ کرینگے، قبضہ مافیا بھی سیاست کر رہا ہے۔