گلگت بلتستان کشمیر کا حصہ، کوئی صوبہ بنانے کی جرأت نہیں کر سکتا: وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد(آن لائن) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان تاریخ کا مطالعہ کریں گلگت بلتستان تاریخی وجغرافیائی ہر طرح سے کشمیر کا حصہ ہے کوئی بھی صوبہ بنانے کی جرات نہیں کرسکتا یہ حصہ معاہدہ کراچی کے تحت صرف وقتی انتظامی یونٹ کے طورپر پاکستان کے پاس ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے چمبر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو ایک مشترکہ انتظامی یونٹ بنا کر بھی ہم چلنے کے لیے تیار ہیں صوبہ بنانے کا مطلب کشمیر ایشو کو نقصان پہنچانا اور تقسیم کے مترادف ہے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ جب ہم 84ہزار مربع میل اور پونے دوکروڑ لوگوں کی بات کرتے ہیں تو اس میں گلگت بلتستان بھی شامل ہے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا تحریک آزادی میں کیا کردار ہے یہ خطہ اور آزادکشمیرو گلگت بلتستان کے لوگوں نے جدوجہد کرکے آزاد کروایا ہے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ ایسے کسی بھی اقدام کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ایسا کرنا کشمیر ایشو کو براہ راست نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔