افغانستان کی سکیورٹی پورے خطے کی سکیورٹی ہے: ایرانی سپیکر
تہران ( صباح نیوز) ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے افغانستان کی سکیورٹی کو پورے خطے کی سکیورٹی قرار دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق افغانستان کے لویہ جرگہ کے عدلیہ اور مقننہ سے متعلق کمشن کے سربراہ غلام محی الدین مصنف نے گذشتہ روز تہران میں ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ افغانستان میں سکیورٹی کا قیام پورے خطے کی سکیورٹی کے مترادف ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور افغانستان کے درمیان وسیع تعاون پایا جاتا ہے اور ایران افغانستان کی مشکلات کے حل کے لئے کوشاں ہے۔ مجلس شوریٰ اسلامی کے سپیکر علی لاریجانی نے افغانستان میں خشخاش کی کاشت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران افغان عوام کے لئے خشخاش کے بجائے مناسب اور اقتصادی چیز کی کاشت کے سلسلے میں مدد کر رہا ہے تاکہ خشخاش کی کاشت اور اس کے نتیجے میں منشیات کی سمگلنگ کو روکا جاسکے۔ غلام محی الدین منصف نے اس ملاقات میں افغانستان کی سیاسی و اقتصادی حمایت کے سلسلے میں ایران کے کردار کو سراہا۔