مسجدشہید کرنے کیخلاف تاجروں اور شہریوں کا نکلسن روڈ پر مظاہرہ اور دھرنا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)اورنج لائن ٹرین منصوبے کی آڑ میں نکلسن روڈ پر واقع 66 سال پرانی جامع مسجد المنور کو شہید کرنے کا حکم نامہ جاری کرنے کے خلاف گذشتہ روز بھی نکلسن روڈ ، میکلوڈ روڈ اور گرد و نواح کے تاجروں ، اہل علاقہ اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرہ کیااورنکلسن روڈ سے ایک ریلی بھی نکالی گئی جو لکشمی چوک پہنچ کر دھرنے کی شکل اختیار کر گئی۔ اس دوران ٹائر جلائے گئے اورشدید نعرے بازی کی گئی۔ احتجاج کے دوران نماز عصر لکشمی چوک میں ہی ادا کی گئی جس کی امامت خطیب مسجد المنورمولانا طاہر طیب بھٹوی نے کی۔انہوں نے کہا کہ مسجد کو شہید کرنا اگر بہت ضروری ہے تو پھر اسکی متبادل مسجد تعمیر کی جائے۔ بعد ازاں مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔