• news

پنجاب میں پیرس طرز کے حملے ہو سکتے ہیں داعش کے ملوث ہونے کا خطرہ‘ سکیورٹی سخت

لاہور (سپیشل رپورٹر) خفیہ اداروں نے اطلاع دی ہے کہ پنجاب میں پیرس کی طرز پر دہشت گردی کا حملہ کیا جاسکتا ہے اس میں داعش کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے جس کے بعد حساس مقامات کی سکیورٹی سخت کر دی گئی جبکہ سوشل میڈیا اور ویب سائٹ کی کڑی نگرانی شروع کر دی گئی۔ اس حوالے سے ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق لال مسجد، تحریک طالبان پاکستان اور لشکر جھنگوی کے بعد لیڈر جو داعش کے ساتھ وقت کام کر رہے ہیں۔ افغانستان سے پاکستان میں کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس میں پنجاب کو ٹارگٹ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق وی وی آئی پیز کو سکیورٹی کے پیش نظر اپنی بیرونی مصروفیات کم سے کم کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ شیڈول فور میں شامل افراد کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔ بعض انتہاء پسند تنظیموں کے افراد کی نگرانی بھی کی جارہی ہے تاہم ذرائع کے مطابق دہشت گرد ایک شہر سے دوسرے شہر میں نقل حرکت کے لئے ایمبولینس کا استعمال کر سکتے ہیں۔ مدارس کی نگرانی بھی تیز کر دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن