سارا دن لڑائی جھگڑے،2 افراد جاں بحق، رات کو جیتنے والوں کا جشن
لاہور + کراچی (نوائے وقت رپورٹ +نامہ نگار+ ایجنسیاں) بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پنجاب کے 12 اور سندھ کے 14 اضلاع میں ووٹ ڈالے گئے اس دوران مختلف پولنگ سٹیشنوں پر امیدواروں کے حامیوں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق متعدد زخمی ہو گئے۔ درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ فیروز والا میں یو سی اکتیس فیض پور پولنگ سٹیشن میں مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدوار کے حامیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ چیچہ وطنی کی یونین کونسل چھپن میں پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے امیدواروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے چار کارکنان گرفتار کرلئے۔ منڈی بہائو الدین کے وارڈ نمبر سترہ میں دو سیاسی گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بیریاں پولنگ سٹیشن میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کارکنوں کے تصادم میں ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ کی یونین کونسل نمبر52 کے پولنگ سٹیشن سادھو گورایہ میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنوں میں ووٹنگ کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی اور بات فائرنگ تک پہنچ گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ گوجرانوالہ میں ہی مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کا تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما بھولا گجر کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ متعدد کارکن زخمی ہوگئے ۔ ساہیوال میں پولنگ سٹیشن میں زبردستی گھسنے کی کوشش پر پولیس نے ووٹرز پر تشدد کیا، خانیوال میں یو سی 25 کے آزاد امیدوار حماد رضا کی عزیزہ نے پریذائیڈنگ آفیسر کو تھپڑ مار دیا، منڈی بہائو الدین کی یونین کونسل سولہ میں جھگڑا ہو گیا، ڈنڈوں اور لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران بڑے پیمانے پر بد نظمی دیکھنے میں آئی، کہیں پولنگ سٹیشنز پر امیدواروں کے انتخابی نشانات ہی تبدیل ہوگئے تو کہیں خواتین کے پولنگ سٹیشن پر مرد عملہ تعینات کردیا گیا۔ شیخوپورہ کی یوسی 25 میں تصادم کے بعد 40 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ بھکھی سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ بھکھی کی یونین کونسل نمبر 55 میں وارڈ نمبر 1 داموانہ مسلم لیگ (ن) کا کارکن جعلی ووٹ ڈالتے رنگے ہاتھ پکڑا گیا۔شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق لڑائی جھگڑے اور ہوائی فائرنگ کے نتیجہ میں دس افراد زخمی ہو گئے۔ یونین کونسل ککڑ گل میں تحریک انصاف کے امیدوار عرفان حیدر کا نام بیلٹ پیپر پر عمران حیدر شائع ہو گیا جس پر تحریک انصاف کے امیدوار نے شدید احتجاج بھی کیا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے متعدد پولنگ سٹیشنوں کے باہر لگے ہوئے امیدواروں کے انتخابی کیمپوں کو اکھاڑ دیا۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق مختلف یونین کونسل اور وارڈز میں آزاد‘ پی ٹی آئی اور (ن) لیگی امیدواران کے حامی ووٹ کاسٹنگ کے دوران لڑنے‘ جھگڑنے پر بارہ سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق یوسی 31 فیض پور گورنمنٹ ہائی سکول پولنگ سٹیشن پر ووٹروں کو روکنے کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان تصادم میں آزاد امیدوار چیئرمین کے حامی افراد نے ڈنڈوں اور سوٹوں سے حملہ کرکے مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری عبدالقادر سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔گوجرانوالہ میں انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیر دی گئیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق بیریانوالہ میں کونسلر کے دو امیدواروں کے گروپوں میں لڑائی کے نتیجہ میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ یونین کونسل نمبر 29 کے چک نمبر 397 ج ب میں دو گروپوں کے مابین لڑائی کے نتیجہ میں آٹھ سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق دو گورنمنٹ ٹیچرز رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق متعدد پولنگ سٹیشنوں پر جھگڑے، لڑائیاں ہوئیں۔ فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے الزامات میں ایک ملازم سمیت 15افراد کو گرفتار کر لیا۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق منڈیانوالہ، عیسن، قریشیانوالہ، ابّا پور، فیض پور کلاں میں بیلٹ پیپروں کی کمی کی شکایات موصول ہوئیں۔ منڈیانوالہ، بھوئے والی، شرقپور شہر کوٹ محمود، فتووالہ میں لڑائی جھگڑے ہوئے۔ ساہیوال / سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق یونین کونسل 140 سیال شریف کے پولنگ سٹیشن حویلی نتھوکہ سے پولیس نے مسلم لیگ ن کے تین افراد کو جعلی ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق چند ایک پولنگ سٹیشنوں کے گرد و نواح میں حریف جماعتوں کے کارکنوں کے مابین معمولی تلخ کلامی دیکھنے میں آئی۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق چیچہ وطنی UC-56 وارڈ 6 کے پی ٹی آئی کے امیدوار برائے جنرل کونسلر فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔ وزیرآباد سے نامہ نگار کے مطابق بعض مقامات پر معمولی جھگڑے ہوئے جو انتظامیہ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات خراب ہونے سے بچائے۔ وارڈ نمبر 15 میں محمد سلیم نے اپنی بیوی کا ووٹ کاسٹ کیا جس پر جھگڑا ہو گیا۔ بھیرہ سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ ممیانہ میں دو متحارب پارٹیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کئی ایک مقامات پر لڑائی جھگڑے کے واقعات ہوئے اس دوران ایک کارکن ٹانگ ٹوٹنے کے باعث ہسپتال پہنچ گیا۔ پنجاب پولیس کے دبنگ سب انسپکٹر نے پولنگ سٹیشن میں بدنظمی ہو جانے پر ہاتھ میں بیلٹ پکڑ کر ووٹروں کو باہر نکال دیا۔ بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق بھلوال تحصیل میں کوئی بھی بڑا واقعہ لڑائی جھگڑے کا نہیں ہوا۔ سرگودھا کے نامہ نگار کے مطابق محمد کالونی کے پولنگ سٹیشن سے ایک شخص علی بلوچ سے ناجائز پستول 30 بور برآمد ہوا اربن ایریا پولیس نے فوراً اس شخص کو گرفتارکر کے مقدمہ درج کر لیا۔ منڈی بہائوالدین سے نامہ نگار کے مطابق یونین کونسل نمبر 16 واسو کے کے پولنگ سٹیشن نمبر 159 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار ارشدللہ نے پولیس کے انسپکٹر مظہر پر الزام لگایا کہ وہ مسلم لیگ ن کے امیدوار کے لیے جعلی ووٹ ڈلوا رہا ہے جس پر اسے پکڑ لیا اور پولنگ سٹیشن سے باہر لے آئے جہاں ڈی پی او راجہ بشارت نے چیئرمین کے امیدوار کو پکڑ لیا اور تھپڑ مارا جس کے ساتھ ہی پولیس اہلکار ارشد للہ اور اس کے ساتھیوں پر لاٹھیوں سے ٹوٹ پڑے اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولنگ کا عملہ وقفہ وقفہ سے تعطل کا شکار رہا۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق نوجوان مرحوم بھائی کا ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ لڑائی جھگڑے کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق چنیوٹ اور گرد و نواح میں الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا ورزی کی جاتی رہی۔چناب نگر میں بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا ایک آزاد امیدوار کی جانب سے واقعہ پیش آیا جس میں جھگڑا ہوا اور ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد ڈی ایس پی چناب نگر نے صورتحال کو قابو کیا۔ میونسپل کمیٹی چناب نگر کے وارڈ نمبر 3 میں خواتین پولنگ سٹیشن پر خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دینے کی وجہ سے جھگڑا تین چار بار پولنگ روکنا پڑی۔ دادو میں پیپلزپارٹی کے رہنما پیر مظہر الحق کے بیٹے نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دیں۔ پولنگ سٹیشن میں واکی ٹاکی لے کر سرعام گھومتے رہے۔ ووٹرز کے سر پر کھڑے ہوکر ووٹ بھی کاسٹ کرائے۔ منڈی بہائو الدین میں مسلم لیگ (ن) کے دونوں امیدواروں کے تصادم کے نتیجے میں اورنگزیب جاں بحق ہو گیا منڈی بہائو الدین کے قصبے بوسال میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے حامیوں کے درمیان تصادم ہوا ۔ ٹھٹھہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی اور شیراز گروپ کے حامیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ جنڈیالہ شیرخان سے نامہ نگار کے مطابق نامہ نگار کے مطابق جنڈیالہ شیرخان کے بہت سے مقامات پر معمولی نوعیت کے لڑائی جھگڑے دیکھنے کو ملے۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق تحصیل مریدکے کی یونین کونسل 17کے علاقہ بھیانوالہ کلاں میں مبینہ طور پر مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کے حامیوں نے خواتین کے پولنگ عملہ کو کمرے میں بند کرکے ووٹوں کے باکس اٹھا لئے اور ہنگامہ آرائی کے دوران ایک پولیس اہلکار فقیر حسین کو زخمی کر دیا۔ الیکشن کمشن آف پاکستان کو جمعرات کے روز سندھ بھر کے 14اضلا ع میں سے تحر یری طو ر پر 46شکا یات موصول ہو ئیں ہیں تا ہم ٹیلیفون او ر مو بائل پر ایس ایم ایس کے ذ ر یعہ 268شکا یات مو صو ل ہو ئیں ز یا دہ تر شکا یات ضلع ٹھٹہ،ضلع تھر پار کر اور ضلع دادوسے آئیں۔ ضلع حید ر آباد میں ایم کیوا یم ،پیپلز پارٹی اور قوم پرست جما عتوں نے ایک دو سرے کے خلاف شکا یات درج کرائیں۔لاہور سے نامہ نگار کے مطابق صوبہ کے 12ضلاع میں گزشتہ روز منعقد ہونے والے الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب73 افراد کو گرفتارکر کے ان خلاف25 مقدمات درج کیے گئے۔ ان میں 18 پولیس،2 پریزائیڈنگ افسر،1 پاکستان مسلم لیگ (ن) ،3 پاکستان تحریک انصا ف اور 1 آزاد امیدوار کی شکایت پر درج ہوئے ۔گرفتار افراد میں پاکستان مسلم لیگ( ن)کے 28 ، پی ٹی آئی کے 18 اور 27 آزاد کارکن شامل ہیں ۔سب سے زیادہ 27 گرفتاریاں حافظ آباد میں ہوئیں ، شیخوپورہ میں 18 ، منڈی بہاء الدین 7 ، جہلم 1 سرگودہا 6 ساہیوال 5 اور 9کارکن گوجرانوالہ میں گرفتار کرلئے گے۔ پولیس ترجمان کے مطابق الیکشن کے موقع پر لڑائی جھگڑے کے واقعات میں 45 افراد زخمی ہوئے ۔جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 27 ، پی ٹی آئی کے 9 اور 9 آزاد کارکن شامل ہیں جبکہ 5غیرقانونی ہتھیار بھی برآمد کئے گئے ہیں۔
لاہور (نامہ نگاران) بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں کامیاب ہونے والے امیدواروں اور ان کے حامیوں نے رات بھر جشن منایا۔ پولنگ مکمل ہونے کے بعد مختلف شہروں میں جیتنے والوں کے حامی سڑکوں پر نکل آئے۔ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ لوگ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ رات بھر وقفے وقفے سے آتشبازی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ جیتنے والوں کے ڈیروں پر لوگوں کا رش رہا۔ لوگ مبارکبادیں دینے کیلئے آتے رہے۔ اس موقع پر کئی مقامات پر ہوائی فائرنگ بھی کی جاتی رہی دوسری طرف الیکشن میں کامیاب نہ ہونے والے امیدواروں کے ڈیرے ویران ہو گئے اور امیدواروں نے اپنے موبائل فون بھی بند کر دیئے۔ جیتنے والوں کے حامی ڈیروں پر میوزک لگا کر رقص کرتے رہے۔چناب نگر سے نامہ نگار کے مطابق سڑک پر جشن منانے پر مسلم لیگ ن کے حامیوں کو پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج کا سامنا کرنا پڑا جس سے بھگدڑ مچ گئی اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شیخوپورہ کی میونسپل کمیٹی کی 50 وارڈوں میں کامیاب ہونے والے امیدواران کے ڈیروں، رہائشگاہوں پر کارکنوں نے جشن منایا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے، منوں مٹھائیاں تقسیم کی گئی۔