• news

سرگودھا کی2، ٹوبہ کی ایک یونین کونسل میں خواتین ووٹ نہ ڈال سکیں

سرگودھا + ٹوبہ ٹیک سنگھ+ میانوالی+ خانیوال (نامہ نگاران+ اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں سرگودھا کے معروف قصبے للیانی کی 2 یونین کونسلوں 34 اور 35 میں خواتین ووٹ نہ ڈال سکیں جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی یونین کونسل نمبر 33 چک نمبر 295 ج ب دیوی داس پورہ میں بھی خواتین نے ووٹ نہیں ڈالا جبکہ میانوالی کے نواحی علاقے پائی خیل کی یونین کونسل میں پہلی بار خواتین نے ووٹ کاسٹ کیا۔ کبیر والا کی یوسی 25 میں خواتین نے 60 سال بعد ووٹ کا حق استعمال کیا۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے معروف قصبہ للیانی کی یونین کونسل 34 اور 35 میں کسی خاتون نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔ علاقے کے بااثر جاگیرداروں نے فیصلہ کیا تھا کہ ہمیشہ کی طرح کوئی خاتون ووٹ نہیں ڈالے گی لہٰذا فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے کسی خاتون نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔ خواتین کا پولنگ سٹاف صبح سے شام تک فارغ بیٹھا رہا اور دھوپ سینکتا رہا۔ ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی یونین کونسل نمبر 33 چک نمبر 295 ج ب دیوی داس پورہ میں خواتین نے ووٹ کاسٹ نہیں کئے، دیوی داس پورہ میں قیام پاکستان سے لیکر اب تک خواتین نے کبھی بھی کسی الیکشن کے دوران ووٹ کاسٹ نہیں کئے، خواتین کے پولنگ سٹیشن پر پولنگ عملہ سارا دن فارغ بیٹھا رہا اور کسی ووٹر کے آنے کے انتظار میں رہا۔ ادھر میانوالی کے نواحی علاقہ پائی خیل یونین کونسل کے پانچ زنانہ پولنگ سٹیشنوں پر اس مرتبہ بلدیاتی انتخابات میں 15 سے 20 جبکہ خواتین نے پہلی بار ووٹ کاسٹ کئے۔ واضح رہے کہ ساٹھ سالہ پرانی علاقائی روایت کے مطابق یہاں عورتورں کے ووٹ کاسٹ پر پانبدی چلی آ رہی ہے۔ اس مرتبہ بلدیاتی انتخابات میں فتح خان خیلانوالہ، گورنمنٹ ہائی سکول پائی خیل، گورنمنٹ پرائمری سکول پائی خیل، پرائمری سکول چنن خیل، پرائمری گرلز سکول چنن خیل میں 15 سے 20 فیصد خواتین نے ووٹ کاسٹ کئے ہیں۔ یونین کونسل پائی خیل کے تمام امیدواران اس مرتبہ خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے کے حق میں تھے۔ کبیروالا کی یونین کونسل نمبر25 کے قصبہ موہری پور میں خواتین نے گزشتہ روز ووٹ ڈالے۔ موہری پور میں قیام پاکستان کے بعد ہونے والے کسی بھی الیکشن میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں تھی اور روایات کے مطابق انہیں پولنگ سٹیشنوں تک آنے سے روک دیا جاتا تھا۔ گزشتہ روز دوپہر 12بجے کے بعد خواتین نے گورنمنٹ مڈل سکول موہری پورمیں قائم پولنگ بوتھ نمبر2 میں آنا شروع کردیا اور اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔

ای پیپر-دی نیشن