• news

الیکشن کمشن کی ڈور کوئی اور ہلا رہا ہے، پی پی کے خلاف سازش ہوئی: زرداری

کراچی (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی الیکشن کرانے کے لئے الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کیا اور اختیارات دئیے لیکن لگتا ہے کہ الیکشن کمشن کی ڈور کوئی اور ہلا رہا ہے کوئی اور الیکشن کرا رہا ہے۔ پیپلزپارٹی کے خلاف سازش ہو رہی ہے جس کا مقصد پیپلزپارٹی کو عوامی حمایت سے محروم کرنا ہے۔ انہوں نے 81 یونین کونسلوں میں الیکشن ملتوی کرنے پر بھی تحفظات کا اظہارکیا۔ زرداری نے کہا بلدیاتی الیکشن سے ایک روز قبل بدین میں 22 پولنگ سٹیشنوں کی منتقلی پیپلز پارٹی کے خلاف سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آزادانہ‘ منصفانہ الیکشن کرانے کے لئے الیکشن کمشن کو بہت سہولت دی۔ سیاسی یتیموں کو شکست سے بچانے کیلئے کوشش کی جارہی ہے۔ سندھ حکومت نے بلدیاتی الیکشن کیلئے مکمل تیاری کی ہے اور اس حوالے سے الیکشن کمشن نے کوئی شکایت نہیں کی بلکہ الیکشن کمشن نے سندھ حکومت کے مکمل تعاون کا اعتراف بھی کیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں الیکشن کمشن کو مکمل خود مختاری دی تھی۔ سیاسی یتیموں کو ہر جگہ شکست سے دوچار کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن