• news

زرداری لیگ کو مکافات عمل کے ذریعے ہار ملی: ذوالفقار مرزا‘ عمران کا فون‘ مبارکباد

بدین (نوائے وقت رپورٹ) سندھ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کرنے والے باغی جیالے ذوالفقار مرزا نے بدین میں کامیابی پر کہا ہے کہ جو کہا تھا کر دکھایا۔ اللہ نے میری سن لی اور کامیاب کیا۔ زرداری لیگ کو مکافات عمل کے ذریعے ہار ملی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ ہار کا آپشن میرے پاس نہیں۔ الیکشن میں چھوٹی موٹی دھاندلی ہوئی ہے۔ آصف زداری اور فریال تالپور کرپشن کی علامت بن چکے۔ دونوں کی تصاویر اس لئے پوسٹرز سے ہٹائی گئیں۔ پارٹی بنانے کیلئے الیکشن کے نتائج کا انتظار تھا۔ پی پی میں زرداری گروپ دو حصوں میں بٹا ہوا تھا۔ آئی این پی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سندھ کے سابق وزیرداخلہ ذوالفقار مرزا کو ٹیلیفون کیا اور انہیں بدین میں بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کو شکست دینے اور شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ عمران خان سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ذوالفقار مرزا نے کہا کہ کسی کو سندھ کارڈ استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف ایک بھرپور جذبے کے ساتھ کام کریں گے۔ ذوالفقار مرزا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر ہم کرپشن کے خلاف ڈٹے رہے تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق حکومت سندھ نے بھی بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کا شکوہ کردیا۔ ترجمان پی پی نے کہا ہے کہ بدین میں پی پی کے خلاف منظم سازش کے تحت دھاندلی کی گئی۔ بدین میں الیکشن سے چند گھنٹے قبل 22 پولنگ سٹیشن تبدیل کئے گئے۔ پی پی بدین کے جنرل سیکرٹری عزیز میمن کو گرفتار کیا گیا۔ بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کے ثبوت سامنے لائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن