بھارت نے دوبارہ پانی روک لیا، ہیڈمرالہ پر دریائے چناب کا بڑا حصہ خشک
سیالکوٹ (نامہ نگار) بھارت نے دریائے چناب کا پانی دوبارہ روک لیا ہے جس کی وجہ سے ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد صرف9 ہزار نو سو ترانوے کیوسک رہ گئی ہے اور دریا کا ایک بڑا حصہ خشک ہوگیا ہے۔ محکمہ ایریگیشن کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر آنے والے دریائے چناب میں پانی کی مقدارنو ہزار نو سو ترانوے کیوسک ہے جبکہ اس مقام پر جموں سے آنے والے دریائے جموں توی میں پانی کی آمد صرف نوسو چوبیس کیوسک ہے اور دریائے مناور توی میں پانچ سو تین کیوسک ہے۔ ایریگیشن محکمہ کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام سے نکلنے والی نہر اپرچناب میں پانی کا بہائو چھ ہزار چار سو کیوسک ہے جبکہ دریائے چناب کا بڑا حصہ خشک ہوچکا ہے، بھارت کی طرف سے پانی روکے جانے کا سلسلہ جاری رہا تو یہ دریا خشک ہوجائے گا جس کا نقصان پاکستان کے زرعی رقبہ پر کاشت شدہ فصلوں کو ہوگا۔ کسانوں نے حکومت سے بھارتی رویئے پر سخت موقف اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔