کرنسی سمگلنگ کیس: ماڈل ایان پر فرد جرم عائد، ملزمہ کا صحت جرم سے انکار
راولپنڈی (آن لائن ) کسٹم عدالت نے کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی پر فرد جرم عائد کردی ہے، جبکہ ملزمہ ایان علی نے صحت جرم سے انکار کر دیا ۔عدالت نے مزیدسماعت8 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہوں سے شہادتیں طلب کر لیں ۔ تفصیلات کے مطابق جمعر ات کے روز کسٹم عدالت راولپنڈی میں کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی ہے ،کیس کی سماعت کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد خان نے کی ہے۔ عدالت میں ایان علی کی طرف سے سردار لطیف کھوسہ نے دلائل دیئے اورفرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ کے حصول کے لئے دائر کی گئی درخواست پر ابھی فیصلہ باقی ہے جب تک فیصلہ نہیں آتا فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی شروع نہ کی جائے اور میری موکلہ کا پاسپورٹ واپس کرنے کے احکامات دیئے جائیں۔ ایان علی پاکستان کی کلچرل سفیر ہیں اور پاسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے انکا پیشہ متاثر ہو رہا ہے میری موکلہ کے بیرون ممالک کی کمپنیوں کے ساتھ کروڑوں کے معاہد ے ہوئے ہیں اگر وہ باہر نہ جا سکی تو انکے معاہدے منسوخ ہو جائیں گے۔ میری موکلہ کا روز گار پاسپورٹ کی واپسی سے وابستہ ہے،عدالت نے پاسپورٹ کے حصول کیلئے دائر درخواست کا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کے تمام اعتراضات مسترد کر دیئے اور ماڈل ایان علی پر فر د جرم عائد کر دی۔ واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو مارچ میں بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ائرپورٹ سے اسوقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ 5لاکھ چھ ہزار 8 سو امریکی ڈالر غیر قانونی طور پر لے کر دبئی جا رہی تھی۔