اورنج لائن منصوبہ ختم کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) اورنج لائن ٹرین منصوبے کو ختم کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی جس کی سماعت آج ہو گی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کی آڑ میں شالامار باغ، چوبرجی، مقبرہ دائی انگہ کے علاوہ کئی تاریخی عمارتوں، مساجد اور قبرستانوں کو مسمار کیا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب قوانین کو نظرانداز کرتے ہوئے صحت اور تعلیم کے لئے مختص بجٹ کو تین سو ساٹھ ارب روپے کے اورنج لائن ٹرین منصوبے کی نذر کر رہی ہے۔ شہریوں کی زمین لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کی بجائے دھونس اور زبردستی کے ساتھ ایکوائر کی جا رہی ہے۔ منصوبہ کے لئے ماحولیاتی سروے بھی نہیں کیا گیا جس سے شہریوں کا نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ چکا ہے۔ منصوبے سے نہ صرف لاہور کی تاریخی عمارتیں ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائیں گی بلکہ شہریوں کے لئے صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات بھی چھینی جا رہی ہیں لہٰذا عدالت اس منصوبے پر فوری طور پر کام روکتے ہوئے منصوبہ ختم کرنے کا بھی حکم صادر کرے۔
دائر