بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی خدمت، محنت کی سیاست جیتی، عوام نے ترقی کے مخالفوں کو مسترد کر دیا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی ملک وقوم کی ترقی کے مخالفوں کو مسترد کردیا ہے اور خدمت، محنت، دیانت، امانت اور شفافیت کی سیاست کی جیت ہوئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی شاندار جیت نے ثابت کردیا ہے کہ عوام پارٹی قیادت سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل چاہتے ہیں۔ عوام نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو بڑی تعداد میں کامیاب کراکے توانائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کا پیغام دیا ہے۔ دوسرے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن کے نتائج نے بھی 2013ء کے عام انتخابات کی توثیق کی ہے۔جھوٹ اوربہتان تراشی کرنے والوں کو عوام نے رد کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ برس بے مقصد دھرنوں کے ذریعے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو اپنی شکست سے سبق سیکھ لینا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی فتح سے نام نہاد دھاندلی کا الزام لگانے والوں کا منہ بند ہو گیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے صوبے کے 12 اضلاع میں پرامن ماحول میں شفاف انداز میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے انعقاد پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم‘ متعلقہ اداروں کی محنت و جانفشانی کے باعث پولنگ کا عمل پرامن رہا جس پر صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان‘ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ و پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پنجاب حکومت کی سیاسی و انتظامی ٹیم نے پرامن فضا یقینی بنانے کیلئے شبانہ روز محنت کر کے موثر اقدامات اٹھائے اور بلاشبہ شاندار انتظامات کرنے کا کریڈٹ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ پنجاب حکومت کے موثر اور بروقت اقدامات کے باعث نہ صرف اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی بلکہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا گیا۔ مزید برآں شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے کے ماسٹر پلان کے ابتدائی ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم اپیرل پارک کا منصوبہ ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ پنجاب حکومت نے اس بڑے منصوبے کیلئے 1567 ایکڑ اراضی مختص کی ہے۔ یہ منصوبہ مکمل ہونے سے لاکھوں افراد کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کے بعض امور میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کے منصوبے میںایک لمحے کی بھی تاخیرناقابل قبول ہے۔ اہم منصوبے میں کوئی تاخیر برداشت نہیںکی جائے گی۔ مجھے صرف کام چاہیے جو کام نہیں کرے گا اسے عہدے پر رہنا کا کوئی حق نہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جائے اورمتعلقہ ادارے فعال انداز میں کام کریں۔ مزید برآں شہباز شریف گزشتہ روز اسلام آباد میں فرانس کے سفارتخانے گئے اور پیرس حملوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر فرانسیسی سفیر مارٹین ڈورینس کے ساتھ گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔ شہباز شریف نے پیرس حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر کے عوام مصیبت کی گھڑی میں فرانسیسی عوام کے ساتھ ہیں۔ معصوم لوگوں پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ دہشت گردی کے اس المناک واقعہ پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے۔ معصوم زندگیوں سے کھیلنے والے دہشت گرد انسان نہیں، سفاک درندے ہیں۔ ہماری ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ تمام تر صلاحتیں اور توانائیاں مجتمع کر کے کرہ ارض سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز توا نائی سیکٹر سے وابستہ غیرملکی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت توانائی کے منصوبوں کیلئے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے جدید سولر پینل سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ مزید برآں شہباز شریف نے ایم این اے ملک افضل کھوکھر اور ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر کے کزن ملک جاوید کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔