میچ فکسنگ کا شبہ‘ آئی سی سی نے شارجہ ون ڈے کی تحقیقات کا حکم دیدیا
شارجہ (نوائے وقت رپورٹ+نیوز ایجنسیاں) شارجہ ون ڈے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی زد میں آ گیا۔ برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان انگلینڈ تیسرے ون ڈے میں گڑبڑ کا خدشہ ہے۔ ڈیلی میل کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میچ جیتنے کیلئے فیورٹ تھی۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے سٹہ مارکیٹ سے تفصیلات طلب کرلیں۔ آئی سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ مائیکل وان کے بیان کو نظرانداز نہیں کر سکتے ۔ ہمارے پاس مشکوک سرگرمیوں کی اطلاعات ہیں۔ اخبار کا دعویٰ ہے کہ میچ کے دوران سٹہ مارکیٹ میں غیرمعمولی پیٹرن دیکھا گیا۔ تیسرے ون ڈے میں عام میچوں کے مقابلے میں دوگنا زیادہ شرطیں لگیں۔ پاکستان کی بجائے انگلینڈ کی جیت پر زیادہ پیسہ لگا۔ برطانوی اخبار نے پاکستانی کھلاڑیوں کے پے درپے رن آئوٹ ہونے کے بعد میچ فکسنگ کے الزامات عائد کئے جس کے بعد آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات کا شروع کردی ہیں ۔سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے بھی خدشات کا اظہار کیاتھا جسے رد کردیاگیا۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے میچ فکسنگ کے الزامات کورد کر دیا اور کہاکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔