انگلش ٹیم نے دبئی سٹیڈیم میں بڑا مجموعہ تشکیل دے کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا
دبئی (سپورٹس ڈیسک) انگلش ٹیم نے دبئی سٹیڈیم میں اننگز میں بڑا مجموعہ تشکیل دے کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں 5 وکٹوں پر 355 رنز بنائے، یہ اس سٹیڈیم میں کسی بھی ٹیم کی طرف سے سب سے بڑا سکور ہے، اس سے قبل 2010ء میں جنوبی افریقن ٹیم نے پاکستان کے خلاف 317 رنز بنا کر ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں انگلش بلے بازوں نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 355 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا۔ یہ دبئی سٹیڈیم میں بڑے سکور کا نیا ریکارڈ ہے جبکہ متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں یہ دوسرا بڑا سکور ہے۔ متحدہ کی سرزمین پر ایک روزہ میچز میں بڑا سکور بنانے کا اعزاز پاکستان کو حاصل ہے، پاکستانی ٹیم نے 2014ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف 7 وکٹوں پر 364 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا تھا۔