سیالکوٹ: شراب کے نشے میں ہوائی فائرنگ، رکن قومی اسمبلی رانا شمیم کا بیٹا گرفتار
سیالکوٹ(نامہ نگار)قومی اسمبلی کی امور داخلہ کمیٹی کے چیئرمین اور مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی رانا شمیم احمد خان کے بیٹے رانا عبدالرحیم ایڈووکیٹ کو پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے دفتر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق رانا عبدالرحیم اووکیٹ نے اپنے دفتر میں شراب پی اور جب وہ نشے میں دھت ہو گیا تو وہ دفتر سے باہر آیا اور ڈی پی او آفس کے باہر کھڑے ہوئے ہوائی فائرنگ کی جس سے دہشت پھیلی۔ پولیس کے مطابق پولیس اور ایلیٹ فورس موقع پر پہنچ گئی اور ان کے دفتر کا گھیراﺅ کرلیا اور بعدازاں انہیں ڈسٹرکٹ پولیس آفس لے گئے جہاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے اعجاز کے حکم پر پولیس نے اسے گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔ سب انسپکٹر اشرف بریار کے مطابق ملزم کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کیونکہ ملزم سے پانچ بوتل شراب اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ گرفتار کئے جانے والے رانا عبدالرحیم کا ایک بھائی رانا عبدالستار پنجاب اسمبلی کا ممبر بھی ہے جبکہ ان کے والد رانا شمیم احمد خان رکن قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی کی امور داخلہ کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔ دریں اثناءتھانہ سول لائن پولیس نے رانا عبدالرحیم ایڈووکیٹ کے خلاف انسداد دہشت گردی، اقدام قتل، سڑک بلاک کرنے، ناجائز اسلحہ، شراب نوشی اور شراب فروشی کا مقدمہ درج کر لیا۔
بیٹا/ گرفتار