• news

گوجرانوالہ: مبینہ دھاندلی کیخلاف پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج، پولیس پر پتھراﺅ، ٹریفک بلاک

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) بلدیاتی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے کارکنوں اور انکے حامیوں کا پولیس پر پتھراﺅ، جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کنگنی والا کی یونین کونسل نمبر31 سے تحریک انصاف کے کارکنوں اور انکے حامیوں نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی اور پولیس کی جانبداری کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراﺅ کیا جس سے اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ اس موقع پر مشتعل مظاہرین نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا، مظاہرین نے ہاتھوں میں لاٹھیاں اٹھا رکھی تھیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس تحریک انصاف کے دفتر پر حملہ کرنے والے اور ہماری خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے والے امیدوار کا ساتھ دے رہی ہیں۔ پولیس نے دھاندلی کے خلاف احتجاج کا مقدمہ بھی انہی کے سو افراد کے خلاف درج کر کے ان کے 30 سے زائد افراد کو گرفتار کر رکھا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جب تک ہمیں تشدد کا نشانہ بنانے والے امیدوار کو گرفتار کر کے ان کے گرفتار افراد کو رہا نہیں کیا جاتا ان کا احتجاج جاری رہیگا۔ دوسری طرف احتجاج کے باعث جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی رہیں۔
گوجرانوالہ/ احتجاج

ای پیپر-دی نیشن