• news

مسلمانوں کو بدنام کرنے کےلئے فرانس حملوں میں داعش کو استعمال کیا گیا: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعة الدعوة حافظ سعید نے کہا ہے کہ مغربی ممالک اسلام کی پھیلتی دعوت روکنے کیلئے اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔ داعش کو فرانس حملوں کیلئے اسی مقصد کے تحت استعمال کیا گیا۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے ۔ اسلامی شریعت ایسی دہشت گردانہ کارروائیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دیتی۔ اسلام کے نام پر کفر کے فتوے لگاکر قتل وغارت گری کرناجہاد نہیں فساد ہے۔ وہ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ اتحادی ممالک نے عراق پر حملہ کر کے دس لاکھ سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا۔ اسی طرح افغانستان میں طالبان کی حکومت قائم ہوئی۔ چوریاں، ڈاکے ختم اور امن و امان قائم ہو گیا تو وہاں بھی حملے کر سات لاکھ مسلمانوں کو شہید اور طالبان حکومت ختم کر دی گئی لیکن اب لاکھوں مسلمانوںکا خون بہانے کے بعد برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کہتا ہے کہ یہ ہماری غلطی تھی اور داعش بنانے کے ذمہ دار بھی ہم ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سمیت کوئی ان سے پوچھنے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا عراق و افغانستان میں ظلم کرنے والے کیونکہ مغربی ممالک ہیں۔ یہ بات درست ہے کہ داعش مغرب کی پیداوار ہے اور وہی اسے اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کر کے فائدے اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دینی مدارس دہشت گردی میں ملوث نہیں۔ ان کے خلاف پروپیگنڈا مغربی ایجنڈے کے تحت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ داعش اسلام اور مسلمانوں کی نمائندہ نہیں ہے۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اس کا دہشت گردی سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔
حافظ سعید

ای پیپر-دی نیشن