کراچی: پُرتشدد واقعات 3افراد جاں بحق، 2مقابلوں میں 4دہشت گرد ہلاک، سانحہ 12مئی کا اہم ملزم گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) پُرتشدد واقعات میں 3 شہری قتل جبکہ مقابلوں میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔علاوہ ازیں سانحہ مئی کے دوران قتل و غارت اور ہنگامہ آرائی کرنے میں ملوث ملزم شکیل بیگ کو مبینہ ٹاﺅن سے گرفتار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چنیسر گوٹھ میں داماد نے ساس کو قتل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم نور عالم کا اپنی بیوی سے جھگڑا چل رہا تھا اور جمعہ کی صبح وہ بچوں کو لینے کے لئے سسرال گیا تھا جہاں تلخ کلامی کے بعد اس نے فائرنگ کرکے اپنی ساس 50 سالہ قدرمنا کو ہلاک کر دیا، لوگوں نے ملزم نور عالم کو پکڑ کر بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں زخمی حالت میں پولیس کے حوالے کردیا۔ ادھر سرجانی کے علاقے تیسر ٹاﺅن میں ایک شخص متقی نے اپنی جوان بیٹی 20 سالہ اسما کو محلے کے ایک نوجوان شاہد اللہ کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں دیکھ کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں ہلاک ہوگئے جبکہ ملزم متقی فرار ہوگیا۔ مبینہ ٹاﺅن میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ ایس ایس پی جاوید جسکانی کے مطابق ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی۔ ڈاکوﺅں نے پولیس پر فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔ دریں اثناءلیاری میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں 2گینگسٹر امجد مرچی اور اقبال عرف کانا ہلاک ہو گئے۔ دریں اثناءکراچی میں سانحہ مئی کے دوران قتل و غارت اور ہنگامہ آرائی کرنے میں ملوث ملزم شکیل بیگ کو مبینہ ٹاﺅن سے گرفتار کیا گیا۔ جمعہ کو پولیس کے مطابق ملزم نے جمشید ٹاﺅن میں 3افراد قتل اور 42کو زخمی کیا جبکہ نجی ٹی وی چینل پر حملے میں بھی ملزم پیش پیش رہا۔