اسلام دشمن عناصر پیرس حملوں کے ذمہ دار ہیں‘ دنیا بھر میں انکا خاتمہ کرنا ہو گا : نوازشریف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گردوں کا پاکستان، فرانس سمیت دنیا بھر سے خاتمہ ہونا ضروری ہے، پاکستان میں فرانس کے سفیر مارٹن ڈورنس سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے پیرس میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ پیرس کے سانحہ کے جو ذمہ دار ہیں وہی اسلام آباد کے دشمن ہیں۔ ہم فرانسیسی قوم کا دکھ سمجھتے ہیں ہم نے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کا فیصلہ طویل غور و خوض، مشاورت اور پارلیمنٹ سمیت تمام ریاستی اداروں کی حمایت سے کیا ہے۔ اس وقت پوری قوم آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ فرانسیسی سفیر نے کہا کہ فرانس کے عوام پاکستانی حکومت اور قوم کی حمایت اور ہمدردی کے شکرگزار ہیں۔ ملاقات میں پیرس حملوں سے متعلق بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان، فرانس اور دنیا کے مشترکہ دشمن ہیں، ان کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ فرانسیسی سفیر مارٹن ڈورنس نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے بچوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات متاثر کن ہیں پیرس واقعات پر پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتے ہیں۔ حمایت اور اظہار ہمدردی پر فرانسیسی عوام پاکستانی حکومت اور قوم کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طارق فضل چودھری نے ملاقات کر کے وفاقی دارالحکومت میں عوامی بہبود کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نوازشریف نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے عوام کی ترقی اور فلاح حکومت کی ذمہ داری ہے۔ جس میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی۔ پاکستان میں ناروے کے سفیر توریندریب نے سرمایہ کاروں کے وفد کے ساتھ وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ہیلی کاپٹر حادثہ میں سابق نارویجن سفیر سیف لارنس کی ہلاکت پر نئے سفیر سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناروے پاکستان کا عظیم دوست ملک ہے۔ سفیر نے وزیراعظم کو پاکستان ناروے تعاون سے جاری منصوبوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہاکہ ناروے کی شمسی توانائی کے شعبہ میں کام کرنے والی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔