کراچی : پانچ منشیات فروش لڑائی میں قتل‘ رینجرز سے مقابلہ چار دہشت گرد ہلاک 70 مشتبہ افراد گرفتار
کراچی(نمائندہ نوائے وقت + نیوز ایجنسیاں) کراچی میں گزشتہ ر وز نادرن بائی پاس کے قریب رینجرز کے ساتھ مقابلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جو سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ ترجمان رینجرزکے مطابق خیر آباد کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 4 مارے گئے۔ یہ دہشت گرد رینجرز اور پولیس پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا۔ دوسری طرف موسیٰ کالونی اور دیگر علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرکے 10 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا جنہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ان افراد کا تعلق مختلف جماعتوں سے بتایا گیا ہے۔ رینجرز نے عطیات کے نام پر بھتہ خوری کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے شہری ہیلپ لائن پر بھتہ مانگنے والوں کی اطلاع دیں۔ دریں اثناءبلدیہ اتحاد ٹاﺅن میں 4 رینجرز اہلکاروں پر ہونے والے حملہ کی جگہ سے موبائل فونز کا ریکارڈ حاصل کرکے جیو فینسنگ کرانے اور حملے میں ملوث ملزموں کی نشاندہی کرنے پر 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا گیا۔ حملے کی جگہ پر استعمال ہونے والے موبائل فونز کا ریکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے۔ پرانا گولیمار منشیات فروشوں کے دو گروہوں کے درمیان تصادم میں میدان جنگ بن گیا۔ دو طرفہ فائرنگ سے 5 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت وسیم، معراج، محمد شاہد، انور حسین اور محمد فہیم کے نام سے ہوئی۔ تصادم کے بعد پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کیا اور منشیات کے عادی افراد کی بیٹھک کو آگ لگا کر تباہ کر دیا جبکہ سرچ آپریشن کے دوران 70سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لانڈھی کے علاقے بنگالی پاڑے سے 2 افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ دونوں افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ پو لیس کے مطابق ہلاک ہو نے والے افراد کی شناخت، باچاخان اور صنوبر خان کے نام سے ہو ئی ہے۔ اورنگی ٹاﺅن اور لیاری میں کارروائیوں میں 5 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم اور لیاری گینگ وار سے ہے۔
کراچی / رینجرز