کوہاٹ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صحافی جاں بحق
کوہاٹ (آن لائن+ بی بی سی اردو) کوہاٹ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے مقامی صحافی جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح مقامی صحافی اور کیبل آپریٹر 42 سالہ حفیظ الرحمان موٹرسائیکل پر جا رہے رہے تھے کہ کالو بانڈہ کے قریب گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ان کو جسم پر پانچ گولیاں لگیں جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ دوسری جانب ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پولیس تھانہ سٹی نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ واقعہ کی صحافی برادری اور کیبل ایسوسی ایشن نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقتول نے بیوی، تین بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑی ہے۔ بی بی سی کے مطابق حفیظ الرحمان ایشیا کے نام سے ایک اخبار شائع کرتے تھے اور ایک نجی ٹی وی چینل کے کوہاٹ میں نمائندے بھی تھے۔