راولپنڈی: 13 سالہ لڑکا 80 لاکھ روپے تاوان نہ ملنے پر قتل، ورثا کا مظاہرہ، روڈ بلاک
راولپنڈی (آن لائن) راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا خان میں تاوان کیلئے اغواء نوجوان کو قتل کر دیا گیا اور نعش قبرستان میں پھینک دی۔ ورثاء اور اہل علاقہ نے نعش کو سڑک پر رکھ کر پولیس کیخلاف احتجاج کیا اور اسلام آباد ایکسپریس وے کو بند کردیا۔ کئی گھنٹوں تک ٹریفک بند رہی۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز ڈھوک کالا خان میں مری روڈ کے قریب قبرستان سے 13سالہ لڑکے حسن کی نعش برآمد ہوئی ہے جسے ہفتہ کے روز تاوان کی غرض سے اغواء کیا گیا تھا اور اغوا کاروں نے اسکے ورثا سے 80لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا والدین نے اغواء کاروں کی فون موصول ہونے پر پولیس کو اطلاع کی تاہم پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی اور بروقت تاوان نہ دینے پر ملزموں نے 13سالہ حسن کو قتل کرکے نعش قبرستان میں پھینک دی۔ دریں اثناء مقتول کے ورثا اور اہل علاقہ نے نعش کو ایکسپریس ہائی وے پر رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور اغوا کاروں کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثناء پولیس حکام نے فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او تھانہ صادق آباد کو معطل کردیا۔ دوسری طرف لاہو سے خبر نگار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے راولپنڈی آر پی او سے 13 سالہ لڑکے حسن کے قتل سے متعلق رپورٹ طلب کرلی اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کیخلاف سخت اقدامات کئے جائینگے۔ انہوں نے آر پی اوکو اغوا کاروں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔