جہلم کا دورہ، فیکٹری جلانے کی تمام پہلوئوں سے تحقیقات کر رہے ہیں: رانا ثنا
جہلم (نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے جہلم میں مشتعل مظاہرین کی جانب سے فیکٹری جلائے جانے کے واقعہ کی تمام پہلوئوں سے تحقیقات کر رہے ہیں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی، سزا اور جزا کا فیصلہ عدالت کریگی۔ حالات کو قابو میں رکھنے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات بروقت کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر جہلم کا دورہ کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انہوں نے مشتعل مظاہرین کی جانب سے فیکٹری جلائے جانے والے واقعہ پر انتظامیہ سے بریفنگ لی جس میں پنجاب ہوم سیکرٹری اعظم سلیمان، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا اور کمشنر راولپنڈی زاہد سعید بھی موجود تھے۔ وزیر قانون رانا ثناء نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کی بروقت کارروائی کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔ضلع جہلم کے تمام مکاتب فکر کے علماء اور تاجر برادری نے امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ کو ہرممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے اور کہا ہے کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائیگی اور کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہ دی جائے گی۔ علماء اور تاجر برادری نے یہ یقین دہانی کمشنر راولپنڈی زاہد سعید کی سربراہی میں منعقدہ ایک اجلاس میں کرائی جس میں ڈی سی او جہلم ذوالفقار احمد گھمن، اے ڈی سی عمران رضا عباسی بھی شامل تھے۔ علماء کی نمائندگی مولانا عبدالباسط، مولانا ابوبکر، مولانا اکرم صدیق اور دیگر نے کی۔ اس موقع پر کمشنر راولپنڈی زاہد سعید نے کہا کہ علماء کرام اور انتظامیہ کا اولین فرض ہے کہ کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہ دیں۔ علاوہ ازیں ضلع جہلم کے تمام مکاتب فکر کے علماء اور تاجر برادری نے امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ کو ہرممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے اور کہا ہے کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائیگی اور کسی کو بھی انتشار پھلانے کی اجاز ت نہ دی جائے گی۔ علماء اور تاجر برادری نے یہ یقین دہانی کمشنر راولپنڈی زاہد سعید کی سربراہی میں منعقدہ ایک اجلاس میں کرائی جس میں ڈی سی او جہلم ذوالفقاراحمد گھمن، اے ڈی سی عمران رضا عباسی بھی شامل تھے۔