بلدیاتی الیکشن : تینوں مراحل کے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن ایک ساتھ جاری کرنیکا فیصلہ
کراچی(این این آئی) الیکشن کمشن نے بلدیاتی انتخابات کے تینوں مراحل کی تکمیل کے بعد کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن ایک ساتھ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن ٹربیونلز کے قیام کا اعلان بھی نوٹیفکیشن کے ساتھ ہی کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن کی جانب سے ابھی تک 31 اکتوبر کو ہونے والے پہلے مرحلے کے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا جبکہ 19 نومبر کو ہونے والے دوسرے مرحلے کے نوٹیفکیشن بھی ابھی تک التوا کا شکار ہیں۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے تو دونوں مراحل کے نتائج الیکشن کمشن کو بھجوا دئیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشن نے تینوں مراحل میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن 5 دسمبر کو ہونے والے تیسرے اور آخری مرحلے کے بعد ایک ساتھ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے اور دوسرے مرحلے کی انتخابی عذرداریوں کے لیے ٹربیونلز بھی تاحال قائم نہیں کیے جا سکے۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ عذرداریوں کی سماعت کے لیے ٹربیونلز بھی نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد قائم کیے جائیں گے۔