• news

شارجہ ون ڈے میچ کلیئر کھلاڑی رن آوٹ ہوتے ہوتے رہتے ہیں:رچرڈسن

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیورچرڈسن نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شارجہ میں ہونے والے تیسرے ون ڈے میں پاکستانی بیٹسمینوں کے رن آؤٹ کو کھیل کا حصہ قرار دیتے ہوئے اس بارے میں کسی بھی قسم کے شک وشبہ کو مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں شارجہ کرکٹ کے بارے میں بھی کوئی شک و شبہ نہیں ہے۔واضح رہے کہ شارجہ میں کھیلا گیا تیسرا ون ڈے اسوقت سے شہ سرخیوں میں ہے جب انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے اس میچ میں پاکستان کی شکست کو مشکوک قرار دیتے ہوئے پاکستانی بیٹسمینوں کی کارکردگی خاص کر تین رن آؤٹ کے بارے میں ٹوئٹس کیے تھے۔ لندن کے اخبار ڈیلی میل میں ایڈ ہاکنز نے اپنے مضمون میں تیسرے ون ڈے کو مبینہ طور پر مشکوک قرار دیتے ہوئے یہ کہا کہ آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ اس میچ کے بارے میں تحقیقات کر رہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا اس بارے میں شدید ردِ عمل سامنے آچکا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کہہ چکے ہیں کہ وہ آئی سی سی میں اس بارے میں احتجاج کرینگے۔ ڈیورچرڈسن نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے دوران کہا کہ وہ بھی اپنے کیریئر میں رن آؤٹ ہوتے رہے ہیں لہذا اس بارے میں شک و شبہ کی ضرورت نہیں۔رچرڈسن نے پاکستانی کھلاڑیوں کی تعریف کی ہے کہ حالیہ برسوں میں مشکوک افراد نے جب جب ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی انھوں نے اس بارے میں آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو مطلع کیا ہے۔ڈیورچرڈسن شارجہ کرکٹ کے بارے میں بھی واضح سوچ رکھتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ شارجہ اب صاف ہوچکا ہے اور جو لوگ ذمہ دار تھے وہ جا چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن