• news

قائمہ کمیٹی دفاع کے ارکان 28 نومبر کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرینگے

اسلام آباد (صباح نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی بھارتی خلاف ورزیوں کے حوالے سے 28 نومبر کو ایل او سی کے دورے کا اعلان کر دیا۔ کمیٹی ارکان پاک فوج کے جوانوں سے بھی ملیں گے۔ بھارتی گولہ باری کا نشانہ بننے والے کشمیری خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع 28 نومبر کو مظفر آباد کے راستے ایل او سی کا دورہ کرے گی ارکان بھارتی فائر بندی کی خلاف ورزی سے متاثرہ علاقوں میں جائیں گے۔ دورے کا مقصد ایل او سی پر تعینات پاک فوج کے دستوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو دورے سے آگاہ کر دیا گیا۔ پاک فوج کے افسر علاقے میں متعلقہ حکام کمیٹی کو ایل او سی پر فائر بندی کی بھارتی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن