فیصل آباد: رانا ثناء کے ملوث ہونے کا الزام بھولا گجر قتل کیس کے مجرموں سے تفتیش کیلئے انکوائری آفیسر عرفان اللہ آج سنٹرل جیل جائیں گے
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ(ن) کے رہنما و سابق ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی فیصل آباد چوہدری علی اصغر المعروف بھولا گجر قتل کیس میں سزا یافتہ تین مجرموں سے صوبائی وزیر قانون کے اس کیس میں ملوث ہونے سے متعلق آج جیل میں تفتیش کی جائے گی۔ انکوائری آفیسر ایس ایس پی آپریشنز عرفان اللہ نیازی تحقیقات کیلئے سینٹرل جیل جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بھولا گجر قتل کیس کے سزا یافتہ مجرم نوید کمانڈو نے الزام عائد کیا تھا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے ایماء پر بھولاگجر کو قتل کیا ہے۔ اس انکشاف پر آئی جی پنجاب نے ایس ایس پی آپریشن کو انکوائری آفیسر مقرر کرکے غیرجانبدار تفتیش کا حکم دیا تھا۔ ملزموں کے خطرناک ہونے کی وجہ سے سکیورٹی وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے جیل میں تفتیش کی سپیشل اجازت حاصل کی گئی آج ایس ایس پی آپریشنز عرفان اللہ نیازی سینٹرل جیل میں جا کر سزا یافتہ مجرموں نفیس عرف گوگا ‘ انجم نیاز اور طاہر کانسٹیبل سے نوید کمانڈو کے بیان کے متعلق تفتیش کریں گے اس تفتیش میں تمام شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکنیکل امور کو استعمال کرتے ہوئے بیان کی روشنی میں انکوائری رپورٹ مرتب کی جائے گی۔