اتوار بازاروں میں مہنگا ئی کنٹرول نہ ہوسکی کئی سبزیاں پھل مہنگے
لاہور (خبر نگار) اتوار بازاروں میں زیادہ تر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں مستحکم رہیں جبکہ پھلوں میں کچھ کی قیمتوں میں اضافہ اور سبزیوں میں چند کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ حکومت کے اتوار بازاروں کا ’’رخ‘‘ کرنے کے بعد بہتری آئی ہے۔ وزیر خوراک بلال یٰسین اتوار بازاروں کے دوروں پر نکل آئے جس کا فائدہ عوام کو ہوا۔ اتوار بازاروں کی شکل و صورت ایک ہی ہفتے میں بدلنے لگ گئی ہے۔ قیمتوں میں بھی استحکام آیا۔ البتہ مہنگے داموں فروخت پر قابو پانا باقی ہے۔ گزشتہ روز اتوار بازاروں میں ٹماٹروں کی واپسی ہو گئی، گوبھی کی قیمت اتوار بازار کیلئے 15 روپے مقرر کی گئی تھی مگر 15 روپے میں دستیاب گوبھی انسانوں سے زیادہ جانوروں کے کھانے کے قابل تھی جبکہ اتوار بازاروں کے باہر ریڑھیوں پر بہترین گوبھی 40 سے 50 روپے کلو میں فروخت ہوتی رہی۔ اتوار بازاروں میں نیا آلو 7 روپے کی کمی سے 28 روپے کلو ہو گیا مگر 11 روپے کلو والا سٹور کا پرانا آلو بھی 28 روپے کلو فروخت ہوتا رہا۔ پیاز 8 روپے کمی سے 52، ٹماٹر 30 روپے کمی سے 65، بینگن 6 روپے کمی سے 22، لیموں چائنہ 5 روپے کمی سے 50، ماڑو 4 روپے کمی سے 22، بند گوبھی 4 روپے کمی سے 28، گھیا کدو 8 روپے کمی سے 10 روپے، شملہ مرچ 40 روپے کمی سے 70، مٹر 25 روپے کمی سے 110، گاجر 15 روپے کمی سے 23 روپے کلو ہو گئی۔ جبکہ ساگ 2 روپے اضافہ سے 25، مولی 5 روپے اضافہ سے 15، بھنڈی 5 روپے اضافہ سے 40، گھیا توری 10 روپے اضافہ سے 45، پالک دیسی 5 روپے اضافہ سے 25، مونگرے 5 روپے اضافہ سے 45 روپے کلو ہو گئے۔ لہسن دیسی 150، لہسن چائنہ 165، ادرک چائنہ 105، کریلے 65، پھلیاں 35، سبز مرچ دیسی 70، سبز مرچ 50، اروی 45، کھرا 40 روپے کلو ہی رہا۔ پھلوں میں انار بدانہ 5 روپے اضافہ سے 195، انار قندھاری 5 روپے اضافہ 145، جاپانی پھل 5 روپے اضافہ سے 50، انگور سندرخانی 5 روپے اضافہ سے 190، انگور ٹافی اول 5 روپے اضافہ سے 125، امرود 2 روپے اضافہ سے 52 روپے کلو ہو گئے۔ جبکہ سیب کالا کولو اول 110، دوم 60، میدانی 65، سیب گولڈن 45، سیب امری 55، سیب سفید 35، سیب مشہدی 35، کھجور 160، گریپ فروٹ فی عدد 15، مسمی فی درجن 80، فروٹر درجن 60، مالٹا درجن 40، مالٹا شگری 70، کینو فی کلو 40، سنگھاڑے 40، شکرقندی 40، انگور گولہ 95، کیلا اول 50، دوم 30 روپے درجن فروخت ہوا۔