• news

’’ملک میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ اور مقام مصطفی کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رہیگی‘‘

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان کے زیراہتمام ’’عزت رسولؐ‘‘ کانفرنس مینار پاکستان میں منعقد کی گئی جس میںسعودی عرب اوریو کے سمیت ملک بھر سے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، کانفرنس کی صدارت جماعت کے مرکزی صدر میاں عبدالخالق القادری آف بھرونڈی شریف نے کی جو کہ رات بھر جاری رہی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علماء مشائخ نے کہا کہ ملک میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ اور مقام مصطفےؐ کے تحفظ کی ہر ممکن جدوجہد جاری رہے گی، تحفظ ناموس رسالت ایکٹ میں کسی قسم کی ترمیم برداشت نہیں کی جائے گی ممتاز قادری کی سزائے موت پر نظرثانی کی جائے، کانفرنس سے جماعت اہلسنت پاکستان کے ناظم اعلیٰ پیر علامہ عرفان مشہدی نے کہا ہے کہ حکمران پاکستان کواسلامی جمہوریہ پاکستان کی بجائے لبرل پاکستان بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، یہ مسلم لیگ کے منشور سے انحراف اور اپنے آباو اجداد کی قربانیوں کا مذاق ہے، قوم اس کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ لبرل نہیں بلکہ اسلامی پاکستان ہی ہماری پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ اور مقام مصطفےؐ کے تحفظ ہر ممکن جدوجہد جاری رہے گی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر علما نے کہا کہ اس ملک کو لبرل بنانے کے لئے قربانیاں نہیں دی گئیں بلکہ ا سے لاالہ الااللہ کے نظام کے لئے حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دستور پاکستان کے تحت قومی اسمبلی اور عدلیہ سمیت تمام ادارے اس بات کے پابند ہیں کہ وہ کوئی ایسا اقدام یا قانون نہیں بنائیں گے جو قرآن و حدیث کے مطابق نہ ہو۔

ای پیپر-دی نیشن