نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں: حافظ ادریس
لاہور (خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد داریس نے کہاہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، حضور نبی پاک ؐ پر ایمان لانے والے اولین صحابہ ؓ کی بہت بڑی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل تھی۔ منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کو اپنے کارکنان کی ذہنی علمی اور عملی تربیت کے لیے منظم منصوبہ بندی کے تحت پروگرام ترتیب دینے چاہئیں۔ حافظ محمد ادریس نے کہاکہ امت مسلمہ پر اس وقت کڑی آزمائش آگئی ہے،بنگلہ دیش میں اسلام کا نام لینے والوں کو پھانسیاں دی جارہی ہیں ۔ ظلم کی یہ سیاہ رات لمبی ہوتی جارہی ہے مگر وہاں کی تحریک اسلامی اور بالخصوص نوجوان طلبہ کے حوصلے اب بھی بلند ہیں، وہ باطل کے سامنے جھکنے سے انکاری ہیں ۔ علی احسن محمد مجاہد کا جرم صرف اسلام سے محبت اور پاکستان کی حمایت ہے اسی طرح صلاح الدین چوہدری کو بھی پاکستان سے محبت کی سزا دی گئی ہے۔