آئندہ جنرل الیکشن سے قبل علاقہ کا کوئی مسئلہ باقی نہیں رہنے دینگے: افضل کھوکھر
رائے ونڈ (نامہ نگار) معروف مسلم لیگی تاجر رہنما شیخ محمدصادق لڈونے قومی حلقہ 128میں مسلم لیگ( ن) کے جیتنے والے تمام چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں اور جنرل کونسلروں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا۔ ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر ،ملک محمد شفیع کھوکھر ،ملک عرفان شفیع کھوکھر ،ملک طارق ہمایوں کھوکھر ،سابق ایم پی اے عبدالرشید بھٹی ،جمیل اصغر بھٹی مہمان خصوصی تھے ۔جبکہ یونین کونسل رائے ونڈ ویلیج کے منتخب چیئرمین دائود احمد میو اور ان کی ٹیم نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ یہ ان کی خوش نصیبی ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے نتیجہ میں پورے حلقہ سے مسلم لیگی ہیروں کی ٹیم اکٹھی ہوئی ہے ۔تمام ساتھی ملکر اپنے علاقوں کے دیرینہ مسائل حل کروانے میں جت جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس فنڈز کی کمی نہیں ،آئندہ جنرل الیکشن سے قبل کسی علاقہ کا کوئی مسئلہ باقی نہیں رہ جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں نے قوم کا وقت برباد کیا ،قوم نے اس کی سزا انہیں بلدیاتی الیکشن میں دیوار سے لگا کر دے دی ہے۔