• news

شیخوپورہ: چیئرمین ضلع کونسل کیلئے جوڑ توڑ شروع

شیخوپورہ (نامہ نگا ر خصوصی) شیخوپورہ سے ہمارے نامہ نگار خصوصی کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوتے ہی ضلع کونسل شیخوپورہ کے چیئرمین بننے کی دوڑ دھوپ شروع ہوگئی ہے ، ضلع شیخوپورہ میں 99یونین کونسلیں ہیں جن میں سے 49یونین کونسلوں میں نواز لیگ کے نامزد امیدوار چیئرمین اور وائس چیئرمین بنے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے نامزد پینلز کو 13یونین کونسلوں میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ باقی یونین کونسلوں میں کامیاب ہونے والے امیدواروں میں سے زیادہ تر نواز لیگ کے حمایت یافتہ تھے، باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین ضلع کونسل میں سے نواز لیگ کے رکن قومی اسمبلی رانا افضال حسین کے بیٹے اور وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کے بھتیجے رانا احمد عتیق کے علاوہ رکن قومی اسمبلی سردار عرفان ڈوگر کے بھائی سردار شہزاد ڈوگر کا نام سامنے آیا ہے اسی طرح وائس چیئرمین کیلئے چوہدری سجاد حیدرگجر ایم پی اے کے بیٹے اسامہ سجاد کا نام سامنے آیا ہے، سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ سردار شہزاد ڈوگر کو بھی وائس چیئرمین کیلئے امیدوار بنایا جاسکتا ہے، نواز لیگ کے زرائع کا کہنا ہے کہ ضلع کونسل کے چیئرمینوں اور مخصوص نشستوں کے امیدواروں کا فیصلہ نواز لیگ کی ہائی کمان کی ہدایت کی روشنی میں کیا جائے گا۔ بلدیہ شیخوپورہ کے چیئرمین کیلئے میاں جاوید لطیف ایم این اے کے بھائی میاں امجد لطیف اور نواز لیگ کے رہنما ملک عمر صدیق خان نور کے نام سامنے آئے ہیں، اس عہدہ کیلئے ایک اہم امیدوار شیخ کاشف عارف خان جنرل کونسلر کے انتخاب میں ہی شکست سے دوچار ہوگئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن