مخدوم امین فہیم کی وفات سے پیپلز پارٹی عظیم لیڈر سے محروم ہو گئی: عابد حسین صدیقی‘ محمد اشرف بھٹی
لاہور/فیروز والہ (خبر نگار/ نامہ نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی اور مرکزی رہنما پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین محمد اشرف بھٹی، پیپلز پارٹی سٹی کوٹ عبدالمالک کے صدر ایوب خان اور جنرل سیکرٹری رانا مقبول احمد جاوید نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مخدوم امین فہیم کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک عظیم لیڈر سے محروم ہو گئی ہے اُن کا خلا کئی سالوں میں پُر ہونا مشکل ہے۔ مخدوم امین فہیم کی پیپلز پارٹی کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ وہ حسب نسب والے چند سیاست دانوں میں سے ایک تھے وہ بے انتہا وفا دار اور ابتدا سے آخر تک اپنی جماعت کے ساتھ منسلک رہے۔ کوئی جبر اور کوئی لالچ اْن کو پارٹی سے جدا نہ کر سکا مخدوم امین فہیم بڑے نرم خو اور گداز دِل والے یاروں کے یار تھے، اچھے شاعر بھی تھے اور دھیمے انداز میں گفتگو کرتے، مخالف بھی ان کی عزت کرتے تھے۔ انہوں نے ایم آر ڈی سے اے آر ڈی تک ہر تحریک میں حصہ لیا اور صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ مرحوم مخدوم امین فہیم صرف اُن کے خاندان کے لئے ہی نہیں پارٹی کے لئے بھی ایک بڑا نقصان ہے، اللہ تعالیٰ اُن کے اہل خانہ کو اس بڑے سانحہ پر صبر جمیل عطا فرمائے اور دْعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اْن کی مغفرت فرمائے اور اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے۔