بادامی باغ : کولڈ سٹوریج سے زہریلی گیس خارج‘ نواحی آبادی کے 95 افراد بے ہوش
لاہور (نامہ نگار) بادامی باغ میں ایک کولڈ سٹوریج سے زہریلی امونیا گیس خارج ہونے سے 95 افراد بے ہوش ہو گئے۔ حالت غیر ہونے پر ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بادامی باغ کے علاقے سبزی منڈی لنڈا پھاٹک کے قریب ایک کولڈ سٹوریج سے زہریلی گیس خارج ہونے لگی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو1122 پولیس اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ بیہوش افراد میں تین بچے اور خواتین شامل ہیں۔ مختلف ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ گیس لیکج سے سبزی منڈی اور اطراف کی آبادیوں سے لوگ گھر چھوڑ کر جا رہے ہیں، ہسپتال منتقل افراد میں سے کچھ بیہوش اور کچھ نیم بیہوش ہیں۔ دریں اثنا مشیر صحت پنجاب سلمان رفیق نے کہا ہے کہ 35 افراد کو طبی امداد کیلئے میوہسپتال اور 45 کو نواز شریف ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 15افراد کو گنگارام ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ تمام متاثرہ افراد کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ کولڈ سٹوریج کو ٹی ایم او راوی ٹاﺅن نے سیل کردیا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا، کسی شخص کی حالت تشویشناک نہیں۔ دریں اثنا رات گئے کولڈ سٹوریج سے گیس کا اخراج روک دیا گیا۔
زہریلی گیس