نفع کا حصہ مانگنے پرپاکستانی سابق کرکٹرز کی بھارت پر تنقید
لاہور(نمائندہ سپورٹس )سابق ٹیسٹ کرکٹرزنے پاکستان کی ہوم سیریزمیں بھارتی بورڈ کی جانب سے آمدنی کا حصہ مانگنے پر کڑی تنقید کی ہے اورکہا ہے کہ پڑوسی ملک کا مطالبہ درست نہیں۔سابق چیف سلیکٹرصلاح الدین احمد صلو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریزایشزسے بھی بڑی سیریز ہے، ڈیڑھ ارب سے زائد شائقین ٹیلی ویژن پر براہ راست دیکھتے ہیں، منافع پرپوری طرح پی سی بی کا حق ہے،سابق فاسٹ بائولرعظیم حفیظ نے کہا کہ بھارتی بورڈ کا مجموعی رویہ کھیل کے لیے نقصان دہ ہے۔ ہوم سیریزپاکستان کی ہے توبھارت کومنافع میں کس بات کا حصہ چاہئے۔پاکستان نے 2012ء میں بھارت کا دورہ کیا تھا جس سے بھارت کوتین سوچھبیس کروڑروپے کی آمدن ہوئی تھی، تاہم بی سی سی آئی نے اس میں سے پاکستان کوایک ٹکا نہیں دیا تھا۔