ٹیکس وصولی میں کسی طبقے کو رعایت نہیں دی جائیگی: اسحاق ڈار
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ٹیکسوں کی وصولی میں کسی طبقے کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی ، داسو اور دیامر بھاشا ڈیم اقتصادی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں زیر تربیت سول اور ملٹری افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کے بعداب حکومت اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کررہی ہے۔ 2015ء کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے مختلف ہے اور اللہ تعالی کے فضل سے اس کا مستقبل تابناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سال میں ریونیو میں 33فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ٹیکس اور جی ڈی پی کی شرح بہتر ہوئی ہے ۔ٹیکس کلچر کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ توانائی کے شعبے کی ترقی کیلئے تندہی سے کام جاری ہے۔ پاکستان کو اس وقت عالمی سطح پر مثبت ریٹنگ حاصل ہے۔ انکم سپورٹ پروگرام کے تحت اس سال100ارب سے زائد بجٹ مختص کیا گیا ہے جبکہ اس سے مستفید ہونے والے خاندانوں کی تعداد 5ملین تک پہنچ چکی ہے۔ دریں اثناء وزیر خزانہ کی زیر صدارت ٹیکس اقدامات سے متعلق اجلاس ہوا۔اسحاق ڈار نے نو منتخب چیئرمین ایف بی آر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں رواں سال ٹیکس ہدف کے حصول بارے بات چیت کی گئی۔ چیئرمین ایف بی آر نے یقین دہانی کرائی ٹیکس اہداف حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے۔