پشاور: 3 دہشت گرد گرفتار بنوں میں تصادم‘ 2 افراد جاں بحق
پشاور + ڈیرہ بگٹی + بنوں (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) پشاور پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی فورس نے مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد نسیم شاہ سمیت 3 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے جن کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں گرفتار دہشت گرد نسیم شاہ کی گرفتاری پر صوبائی حکومت کی جانب سے 5لاکھ روپے انعام بھی مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈیرہ بگٹی میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 10 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز محکمہ انسداد دہشت گردی پشاورنے تھانہ بڈھ بیرکی حدود جنگلی سے دہشت گرد نسیم کو گرفتار کیا۔ دہشت گردنسیم شاہ کاتعلق کالعدم تنظیم جنگریزگر وپ سے ہے اورسال2013 کے دوران تھانہ متنی کی حدودمیںکئی سکولوں کو بموںسے اڑانے اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہے ۔علاوہ ازیں 2 مزید دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوناری میں کارروائی کی اور ایف سی چیک پوسٹ کے قریب 10 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم برآمد کرکے علاقے کو بڑے نقصان سے بچا لیا ہے۔ دریں اثنا پٹ فیڈر کے علاقے میں بھی سکیورٹی فورسز نے حساس اداروں کے ساتھ مل کر کارروائی کرتے ہوئے 18 کلو بارودی مواد اور 2 راکٹ لانچر برآمد کر لئے۔ادھر بنوں میں جائیداد کے تنازع پر دو گروپوں میں تصادم کے دوران دو افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔ کوہاٹ کے علاقے لودھی خیل میں سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔