• news

کسٹم عدالت نے ماڈل ایان کو پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیدیا

راولپنڈی (آن لائن) کسٹم عدالت راولپنڈی نے ماڈل ایان علی کی پاسپورٹ حوالگی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کسٹم حکام کو 10,10لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں اور شخصی ضمانت کی شرط پر ملزمہ کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز کسٹم عدالت راولپنڈی میں کرنسی سمگلنگ کیس اور ماڈل ایان علی کی طرف سے پاسپورٹ کی واپسی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے کی۔ عدالت نے ماڈل ایان علی کی پاسپورٹ حوالگی کی استدعا منظور کرتے ہوئے کسٹم حکام کو پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس میں قرار دیا ہے کہ آزادانہ نقل و حرکت قانون کے مطابق ہر شہری کا بنیادی حق ہے اس پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔ پاسپورٹ مال مقدمہ ہے اور اس کی حفاظت ملزمہ کی ذمہ داری ہے۔ ملزمہ ضرورت پڑنے پر پاسپورٹ جمع کرانے کی پابند ہو گی۔ ایان علی کو پاسپورٹ کی واپسی کے حصول کے لیے 10,10لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے ہوں گے اور ایک شخصی ضمانت دینا ہو گی جس پر کسٹم حکام مطمئن ہو سکیں۔کسٹم حکام ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد ملزمہ کا پاسپورٹ واپس کردیں۔ ماڈل ایان علی نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پاکستانی شہری ہوں اور میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے پاکستان سے بھاگنے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ میری ساڑھے پانچ لاکھ ڈالر کی رقم کسٹم حکام کے قبضے میں ہے۔ اپنی ذاتی رقم واپس لینے کے لیے مقدمہ کا سامنا کروں گی اور اپنے آپ کو بے گناہ ثابت کروں گی۔

ای پیپر-دی نیشن