پسنی : بس سے 22 مسافر اغوا، پولیس نے بازیاب کرا لیا
کراچی (نوائے و قت ن یوز) کراچی سے گوادر جانے والے 22 مسافروں کو بس سے اتار کر پسنی کے قریب نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مسافر کراچی سے گوادر جا رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا کئے جانے والے مسافروں میں سندھ اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ اغوا کار شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد مسافروں کو اپنے ساتھ اغوا کر کے لے گئے۔ بعدازاں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا ہونے والے 22 مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ آر پی او مکران جعفر خان کے مطابق پولیس اور نفاذ قانون کے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام اغوا ہونے والے مسافروں کو بازیاب کر الیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایجنٹ نے دوسرے ایجنٹ کے لوگوں کو اغوا کیا تھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پولیس اور نفاذ قانون کے اداروں کو مسافروں کی بازیابی پر مبارکباد دی ہے۔ علاوہ ازیں پسنی میں لیویز اور سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے تنزانیہ کے مغوی شہری کو بھی بازیاب کرالیا اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔