• news

شہریوں کے حقوق کا تحفظ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے: چیف جسٹس

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ شہریوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کی ذمہ داری حکومتی اداروں پر عائد ہوتی ہے،آئین کے آرٹیکل 37 کے تحت ہر ریاستی ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے،ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کیلئے یہ کانفرنس بہترین تجربہ ہے، مقدمات کے فیصلوں کے لیئے دیگر مفاہمتی متبادل طریقہ کار سے مسائل میں کمی اور عدالتوں پر مقدمات کا بوچھ کم ہوگا، اس سے ملک کے عدالتی نظام میں جلد بہتری آئیگی۔ عدالت کا کام صرف فیصلہ کرنا نہیں بلکہ قانونی تقاضوں کو بھی پورا کرنا ہوتا ہے۔ قانون کی مضبوطی اور نظام کی بہتری کیلئے وفاقی محتسب کے ادارے کا اپناایک کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چودھویں ایشائی محتسب کانفرنس میں کیا ، چیف جسٹس نے مزید کہا کہ محتسب کا ادارہ 1983ء وجود میں آیا اس ادارے کا مقصد تھا کہ عوام کی شکایات کو قانوں کی پیچیدگیوں سے ہٹ کر حل کیا جائے اور اس سے غریب طبقہ زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرے۔ الوداعی تقریب میں وفاقی محتسب سلمان فاروقی نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ ہر کیس کا فیصلہ 60 دنوں میں کرتا ہے۔ فیصلوں پر عملدرآمد کی شرح 94 فیصد ہے۔

ای پیپر-دی نیشن