• news

فاٹا میں قبائل کی مرضی کیخلاف قوانین نافذ کرنا ناانصافی ہوگی: فضل الرحمن

لدھا+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ قبائل پر ان کے رائے کے مطابق نظام نافذ کیا جائے، فاٹا میں قبائل کی مرضی کے خلاف قوانین نافذ کرنا ناانصافی ہوگی۔ فضل الرحمن نے جمعیت علماء اسلام جنوبی وزیرستان کے ایک نمائندہ وفد مولانا نیاز محمدقریشی، مولانا عبداللہ حقانی، ملک حاجی سعید انور، حاجی صوبیدار بادشاہ خان کی قیادت میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے چار سال قبل تمام قبائلی ایجنسیوں کا دورہ کر کے ان کے مشورے پر ایک گرینڈ جرگہ تشکیل دیا تھا۔ گرینڈ جرگے کو پاکستان کی تمام قومی مذہبی اور سیاسی قیادت بشمول وزیراعظم نوازشریف کی تائید حاصل تھی۔ اس موقع پر تمام قیادت پر واضع کیا تھا کہ تمام قبائل کو پہلے اپنے علاقوں کو باعزت طور پر واپس بھیجا جائے۔ قبائل کو واپسی سے پہلے فاٹا پر دوسرا نظام مسلط کر نا بہت بڑی زیادتی ہوگی۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ہم قبائلیوں کے ساتھ ہے اور ان کے آواز کو ہر فورم پر اٹھا یا جائے گا۔ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا ہے یہاں پر اسلام نظام ہی نافذ ہوگا۔ امریکی صدر اوباما کا یہ بیان کہ مسلمان بحیثیت قوم مجموعی طور پر دہشت گرد نہیں سوائے مٹھی بھر شرپسندوں کی اگر اوباما اپنے قول میں سچے ہے تو پورے عالم اسلام پر جنگ کیوں مسلط کی اور افغانستان، فلسطین، شام، الجزائر، تیونس، عراق، یمن، فاٹا پاکستان و دیگر اسلامی ممالک میں بے گناہ مسلمانوں کا خون کیوں بہایا جا رہا ہے۔ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں کسی کا باپ بھی انہیں ختم نہیں کر سکتا جبکہ دوسروں کے گھروں کو آگ لگانے والوں کے گھر بھی محفوظ نہیں رہ سکتے۔ ہم بندوق کی زور پر نہیں بلکہ ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتے ہے ملک میں اسلامی نظام کے لئے پر امن طریقے سے جہدوجد جاری رکھیں گے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر بھارت کا رویہ جارحانہ ہے، کھیل کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بھارتی وزیراعظم مودی کی حکومت آئی ہے ان کے عزائم انتہا پسندانہ ہیں اور کشمیر کے معاملے پر بھی بھارت کا رویہ جارحانہ ہے۔ بھارتی وزیراعظم کو خود بھارت میں زبردست قسم کی اپوزیشن کا سامنا ہے، وہ وقت کے ساتھ ساتھ تنہا ہوتے جارہے ہیں۔ بھارت میں کرکٹ سیریز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کھیل کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن