سندھ میں بلدیاتی الیکشن فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں: ارباب غلام رحیم
کراچی (آن لائن) سندھ میں حزب اختلاف نے ایک مرتبہ پھر الیکشن کمشن کے د فتر کے سامنے دھرنا دے کر مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں پہلے اور دوسرے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج مسترد کر کے اور تیسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات روک کر نئے سرے سے فوج کی نگرانی میں بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں۔ بدھ کے روز سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کی قیادت میں الیکشن کمشن کے صوبائی آفس کے داخلی دروازے پر تین گھنٹے تک دھرنا دیا گیا اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعر ے بازی بھی کی گئی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ارباب غلام رحیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا میثاق جمہوریت کے بعد اتحاد ہے اس لئے مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت اور وفاقی حکومت ہماری ایک بھی نہیں سن ر ہی ہے، اس لئے جلد ہی سب کو پتہ چل جائے گا کہ مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما پارٹی چھوڑ د یں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کے علاقہ میں رینجرز کے دستے موجود رہے تو ان علاقوں کا نتیجہ کچھ اور نکلا اور جن علاقوں میں رینجرز کے دستے نہ تھے یا صرف چکر لگا رہے تھے وہاں پر پیپلز پارٹی نے دل کھول کر دھاندلی کی۔ اس مرتبہ تو اتنی بڑی دھاندلی کی گئی کہ 1977ء کی د ھاندلی بھی شرما گئی ہے۔