• news

سرگودھا: لیگی ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز کے ہسپتال پر مریضہ کے رشتہ داروں کا حملہ

سرگودھا (نامہ نگار)مسلم لیگ ن کی ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز کے ذاتی ہسپتال رفیق پولی کلینک کے سامنے مریضہ کے رشتہ داروں نے احتجاج کے دوران خوشاب روڈ بلاک کر دی‘ مشتعل مظاہرین نے ہسپتال کے شیشے توڑ ڈالے۔ پولیس کی نفری طلب کرلی گئی۔ مریضہ کے لواحقین کا کہنا ہے کہ چار ماہ قبل مریضہ کا ڈاکٹر نادیہ عزیز نے ڈلیوری آپریشن کیا تو آنتیں کاٹ ڈالیں بعدازاں اوپر تلے تین آپریشن مزید کئے لیکن مریضہ کی حالت مزید بگڑتی چلی گئی لواحقین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نادیہ عزیز رابطہ کے باوجود مریضہ کو دیکھتی ہی نہیں اور فون پر ہی ٹال دیتی ہیں اور کہتی ہیں کہ میں شہر سے باہر ہوں آپ کسی اور ڈاکٹر کو دکھا لیں۔ لواحقین کا کہنا تھا لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود مریضہ کی حالت بدستور بگڑتی جا رہی ہے۔ اگر مریضہ کی زندگی کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ دار ڈاکٹر نادیہ عزیز ہوں گی۔ دریں اثنا تھانہ سٹی نے ڈاکٹر نادیہ عزیز کے ایک ملازم کی مدعیت میں احتجاج کرنے والے 17 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ نامزد ملزمان میں آصف اسلم نو منتخب کونسلر‘ اختر‘ سجاد اور زبیر ڈوگر شامل ہیں۔ ڈاکٹر نادیہ عزیز کا کہنا تھا ان کے ہسپتال پر حملہ لیگی ایم این اے چوھدری حامد حمید نے کرایا ہے۔ انہوں نے کہ اس حملہ میں ایک یونین کونسل کے نو منتخب چیئرمین بھی ملوث ہیں۔ اس کے حقائق جلد منظر عام پر آجائیں گے۔ جب اس سلسلہ میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے چوہدری حامد حمید سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نادیہ عزیز پر بلدیاتی انتخابات میں ان کے امیدواروں کی شکست کا اثر ہے جس کے نتیجہ میں مجھ پر الزامات عائد کررہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن