پاور سیکٹر کیلئے 80 کروڑ ڈالر، ایشیائی بینک کے ساتھ 3 معاہدوں پر دستخط
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاور سیکٹر کے لئے 800 ملین ڈالر قرضہ کی فراہمی اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ فنڈ کے قیام کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ 3معاہدوں پرآج دستخط کردئیے گئے۔اس سلسلہ میں سیکرٹری اقتصادی امور طارق باجوہ اور اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ اے ڈی بی 400 ملین ڈالر جاری کردے گا۔ قرضہ کی رقم سے آئیسکو اور دیگر پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر نظام لگایا جائے گا جبکہ 400 ملین ڈالر انرجی سیکٹر اصلاحات پروگرام کے لئے دئیے جائیں گے۔معاہدات کی تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ نے بھی شرکت کی۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ فنڈ کے ذریعے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ پلان پر عمل کیا جائے گا۔ آئی این پی کے مطابق پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے دو معاہدوں سمیت تین معاہدوں پر دستخط ہوگئے‘ معاہدوں کے تحت ایشیائی ترقیاتی بنک توانائی کے شعبے کے لئے پاکستان کو 60کروڑ ڈالر قرض فراہم کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان توانائی کے منصوبوں میں تعاون کے دو معاہدوں سمیت تین معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔ معاہدوں کے تحت ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کو توانائی کے شعبے کے لئے ساٹھ کروڑ ڈالر قرض فراہم کریگا ۔ یہ رقم توانائی کے شعبے میں اصلاحات‘ ترسیلی اور تقسیم کے نظام کی بہتری پر استعمال کی جائے گی۔ معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے نمائندے ورنر لیپک نے شرکت کی۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ناروے ‘ آسٹریلیا‘ یو ایس ایڈ سمیت کئی ممالک ڈیزاسٹر فنڈ میں شریک ہونگے۔ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان معاہدے تاریخی حیثیت رکھتے ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے ڈیزاسٹر فنڈ قدرتی آفات میں استعمال ہوسکے گا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مستقل نوعیت کا فنڈ ہوگا۔ نیشنل ڈیزاسٹر فنڈ میں پاکستان اپنا حصہ بھی شامل کریگا۔
معاہدے